حسن ابدال، مرکزی انجمن تاجران الیکشن، امیدواروں کو نشان الاٹ

حسن ابدال :انتخابات مرکزی انجمن تاجران حسن ابدال! الیکشن کمیشن نے 5 بلامقابلہ امیدواروں کے نوٹفکیشن جاری کرتے ہوئے تین سیٹوں پر امیدواروں کو نشانات الاٹ کر دئیے۔چوہدری جمشید گروپ چھتری جبکہ ابدالین گروپ پھول کے نشان پر الیکشن لڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی انجمن تاجران حسن ابدال کے انتخابات کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق الیکشن کمیشن ممبران کی جانب سے جن امیدواروں کے مد مقابل کسی دوسرے امیدوار  نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے تھے ان کی کامیابی کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دییگئے ہیں۔ جس کے مطابق مرکزی انجمن تاجران حسن ابدال کے سینئر نائب صدر چوہدری اظہرعلی۔ نائب صدر راجہ عامر علی۔شیخ محمد رفاقت جوائنٹ سیکرٹری۔ عمران شہزاد نشرو اشاعت سیکرٹری جبکہ اعتبارخان رابطہ سیکرٹری بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔جبکہ صدر۔ جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری مالیات کی سیٹ پر چوہدری جمشید گروپ اور ابدالین گروپ کے درمیان پولنگ 6 اپریل کو کرائی جائے گی۔ دونوں گروپوں کو انتخابی نشانات بھی الاٹ کیے جا چکے ہیں جس میں چوہدری جمشید گروپ چھتری جبکہ ابدالین گروپ پھول کے نشان کے تحت الیکشن میں حصہ لے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل اپنے مقررہ وقت اور شیڈول کے مطابق مکمل کرایا جائے گا اور اس میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہیں کی جائے گی۔