حسن ابدال: مرکزی انجمن تاجران الیکشن، جمشید گروپ مضبوط

حسن ابدال:مرکزی انجمن تاجران کے انتخابات میں حسن ابدال کی تاجر برادری نے چودھری جمشید گروپ کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔ مختلف بازاروں کے دورے کے دوران چودھری جمشید گروپ کے نامزد امیدواروں کا پروقار استقبال کرتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق مرکزی انجمن تاجران حسن ابدال کی انتخابی مہم کے دوران چودھری جمشید گروپ کے نامزد امیدوار برائے صدر چودھری جمشید اختر۔برائے جنرل سیکرٹری سید ہاشم علی علوی اور برائے سیکرٹری مالیات فردوس الہی نے دیگر بلامقابلہ منتخب ہونے والے عہدیداران کے ہمراہ مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے ملاقات کی۔ دورے کے دوران انہوں نے مشرقی بازار۔صابری بازار۔ ہزارہ روڈ۔ریلوے روڈ۔مین بازار صرافہ بازار اور کٹرا مارکیٹ کا دورہ کیا جس دوران تاجر برادری کی جانب سے ان کا پرجوش استقبال کیا گیا اور انہیں اپنی مکمل اور غیر مشروط حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔ بازار کے دورے کے موقع پر تاجروں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے نامزد امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اس موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر کے امیدوار چوہدری جمشید اختر نے کہا کہ ہم نے ماضی میں تمام تاجروں کی بلاتفریق خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ آج بھی تاجر برادری ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور یہی سب سے بڑی پریشانی کا سبب مخالفین کے لئے بن رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے جس کے تحت وہ تاجروں سے ووٹ مانگ سکیں یہی وجہ ہے کہ وہ پروپیگنڈہ کر کے تاجروں کو گمراہ کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں مگر تاجر برادری ان کی حقیقت جان چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج شہر بھر کی تاجر برادری میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوکر ہمارا حوصلہ بڑھا دیا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے اور خواہش ہے کہ چھ تاریخ کو پورے جمہوری انداز میں مرکزی انجمن تاجران کے الیکشن مکمل ہوجائیں اور تاجروں کے حقیقی نمائندے منتخب ہو کر سامنے آئیں انہوں نے کہا کہ ہمیں تاجر برادری کا ہر فیصلہ کھلے دل سے قبول کرتے ہوئے اس پر خوشی کا اظہار کرنا چاہیے۔اس موقع پر شہر کی تاجر برادری کی جانب سے چودھری جمشید گروپ کے پانچ عہدیداران بلامقابلہ منتخب ہونے پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
