جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مہنگائی، ابتر معاشی پالیسیوں کیخلاف احتجاجی ریلی

اٹک : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی ہدایت پرجماعت اسلامی زون پی پی 1کے زیر اہتمام مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسوں اور ابتر معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ضلعی امیر سردار امجد علی خان،امیر زون خالد محمود،سابق امیدوار صوبائی اسمبلی محمد اقبال ملک،ممبر میونسپل کمیٹی شہاب رفیق ملک نے کی، ریلی کا آغاز جامع مسجد دارالسلام سے ہوا، ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کامرہ روڈ پہنچی جہاں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، شرکاء نے تمام راستے حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی، شرکاء نے عمران خان کو مہنگائی خان اور ظالم خان قرار دے دیا، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر سردار امجد علی خان،محمد اقبال ملک،شہاب رفیق ملک نے کہا کہ حکومت نے اپنے اقتدار کے 7ماہ کے اندر ہی عوام کی چیخیں نکلوا کر رکھ دی ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7ماہ کے اندر تین دفعہ اضافہ کیا گیا، تبدیلی سرکار نے غریب سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے، پاکستان کے غریب عوام کی تقدیر کا فیصلہ آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے، عمران خان نے کشکول پکڑ کر اپنے دعووں کی نفی کی ہے اب ہم انتظار کریں گے کہ وزیراعظم کب خودکشی کرتے ہیں، غریب، کم تنخواہ دار، دیہاڑی دار اور کم آمدنی والا طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گیا ہے، ملک میں حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی لا سکتی ہے، جس جماعت کا لیڈر کرپٹ ہو اس کی ساری کابینہ لیڈر کے نقش قدم پر چلتی ہے، حکومت کو فوری طور پر ظالمانہ اور عوام دشمن پالیسیوں کو ترک کر کے عوام کو ریلیف دینا ہوگا، اس وقت ملک میں جعلی اور نام نہاد حکمران کسی کے ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں، حکومت نے اگر روش نہ بدلی تو احتجاج کا دائرہ یوسی سطح سے ہوتا ہوا گلی محلے تک پھیل جائے گا، اور کسی بھی خرابی کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی، ریلی میں جماعت اسلامی کے کارکنان، طلباء اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔