سیاحت پاکستان میں جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی:طارق شوغوری
اٹک : پاکستان کے چاروں صوبوں آزاد کشمیر ، اور گلگت بلتستان میں سیاحت کے حوالہ سے عالمی شہرت رکھنے والے بانی چیئرمین شگوری ٹورسٹ اینڈ ٹریکنگ کلب رجسٹرڈ طارق شوغوری نے منصب ہال اٹک پریس کلب رجسٹرڈ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 25 سال سے وطن عزیز میں سیاحت کے فروغ کیلئے خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور اب اس مقصد کیلئے وہ ایک ماہ کے غیر ملکی دورے پر ہانگ کانگ جا رہے ہیں جہاں وہ سیاحت سے وابستہ یورپ ، چین اور ہانگ کانگ کی اہم شخصیات ، ٹریول ایجنٹ اور ٹور آپریٹرز سے ملاقات کریں گے علاوہ ازیں اوور سیز پاکستانی کمیونٹی کی مدد سے سیاحت کے موضوع پر سیمینار بھی منعقد ہوں گے انہوں نے کہا کہ سیاحت دنیا کی دوسری بڑی اور سب سے زیادہ منافع بخش صنعت ہے اس کی ترقی سے پاکستان اربوں ڈالر زرمبادلہ کما کر اپنے تمام قرضے اتار سکتا ہے سیاحت کے فروغ کیلئے نہ صرف حکومت بلکہ نجی شعبۂ اور ملک بھر کے تمام محب وطن اپنا بھر پور کردار ادا کریں تاکہ پاکستان معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور سیاحت کے میدان میں ایک پر امن ملک کے طور پر اقوام عالم میں اپنا تشخص قائم کر سکے پاکستان جیسا خوبصورت ، قدرتی دولت ، قدرتی وسائل ، پر فریب نظاروں اور سیاحت کیلئے انتہائی موزوں ملک ہے سرکاری سطح پر قیام پاکستان سے لے کر آج تک اس شعبۂ کو نظر انداز کیا گیا تاہم پہلی مرتبہ وزیر اعظم عمران خان نے اس طرف توجہ دی ہے جس کے سبب سیاحت پاکستان میں جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی ۔
