لاہور: نیب کا حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے شہبازشریف کی رہائش گاہ کا محاصرہ

مانیٹرنگ ڈیسک
لاہور: نیب کی بھاری نفری نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے شہبازشریف کی رہائش گاہ کا محاصرہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی ماڈل ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ 96 ایچ کا دوبارہ محاصرہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام کا کہناہےکہ رہائش گاہ کا محاصرہ حمزہ شہباز کی گرفتاری کے سلسلے میں مارا گیا ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہےکہ ان کے پاس حمزہ شہباز کے خلاف ٹھوس ثبوت ہیں اور اسی بناء پر چھاپا مارا گیا ہے۔ نیب حکام کا مؤقف ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز منی لانڈرنگ کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا تھا جن سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں حمزہ شہباز، سلیمان شہباز اور ان کی والدہ کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی منتقلی ہوئی، اسی سلسلے میں نیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری کرنا ہے۔
حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے آنے والے نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری اصغر اور مسلم لیگ (ن) کے وکیل عطا تارڑ کے درمیان تکرار بھی ہوئی۔ نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے وارنٹ دکھایا اور اندر جانے کی درخواست کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب نے کہا کہ حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کرنے آئے ہیں اور گرفتار کرکے جائیں گے، اس پر لیگی وکیل نے لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر کا ذکر کیا اور گرفتاری کو ناممکن قرار دیا۔