فتح جنگ: حکومت بلدیاتی اداروں کو توڑ دے یا پھر اختیارات دے:کونسلر ملک سفیر
فتح جنگ :حکومت بلدیاتی اداروں کو توڑ دے یا پھر منتخب عوامی نمائندوں کو عوامی مینڈیٹ کے مطابق اختیارات اور فنڈز فراہم کرے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صدر اور بلدیہ فتح جنگ کے کونسلر ملک سفیر نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ شہریوں نے ہمیں مسائل کو حل کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے منتخب کیا ہے لیکن حکومت سیاسی مخالفت کی بنا پر بلدیاتی اداروں کو مفلوج کر کے اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے فنڈز کی عدم فراہمی سے شہریوں کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے انھوں نے کہا کہ حکومت سیاسی دشمنی کی وجہ سے بلدیاتی اداروں کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے جو عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے انھوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی اداروں کو توڑ کر اپنے انتقام کی آگ کو ٹھنڈا کر لے یا پھر عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو فعال رکھنے کیلئے بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز فراہم کرے تاکہ شہریوں کے مسائل بہتر طریقے سے حل ہو سکیں ۔
