صحت کے شعبہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں: ڈی سی اٹک

اٹک : ضلعی ہیلتھ کونسل اٹک کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک عشر ت اللہ خان نیازی نے کی۔ اجلاس میں ایم پی اے اور چےئر مین پی اے سی سید یاور عباس بخاری ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)اٹک شاہد عمران مارتھ، یڈیشنل ڈپٹی کمشنر( جنرل) چوہدری عبد الماجد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجاز کے علاوہ ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری صحت کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ صحت کے افسران نے ڈپٹی کمشنر اٹک کو محکمے کے متعلق بر یفنگ دی۔ ڈی سی اٹک نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت ضلع اٹک کو صحت کے شعبہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔اس کے علاوہ ضلع بھر کے ٹی ایچ کیوز اور مراکزصحت میں ڈاکٹرز کی کمی اور دیگر ضروریات کو پو را کر نے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسفندیا ر بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی کو بھی ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈی ایچ کیو اور ضلع بھر کے ٹی ایچ کیوز اور مراکزصحت میںآنے والے مر یضوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے۔
