مطالبات کے حق میں نابینا افراد کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری 

اٹک : اپنے مطالبات کے حق میں نابینا افراد کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری ، ریسکیو 15 آفس اٹک کے سامنے دھرنا ، ہر قسم کی ٹریفک کیلئے روڈ بلاک ، نابینا افراد اور شہریوں میں ہاتھا پائی ، پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ، مظاہرین کا مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان ، ڈپٹی کمشنرعشرت اللہ خان نیازی نے احتجاج کو بلاجواز اور غیر قانونی قرار دے دیا ، تفصیلات کے مطابق نابینا افراد نے محکمہ ہیلتھ میں نابینا افراد کو 3 سیٹوں میں سے 2 پر بھرتی کا مطالبہ کر رکھا ہے جس پر فوکل پرسن خصوصی افراد محمد نیا ز کی قیادت میں جاری احتجاج کے دوسرے روز ریسکیو 15 کے دفتر کے سامنے دھرنا دیئے ہوئے ہیں احتجاج کے باعث اٹک سے ملک کے مختلف علاقوں میں جانے والی ٹریفک مکمل طور پر بندکردی گئی ہے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو جانے والا راستہ بند ہونے کے سبب مریضوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس بنائ پر شہریوں کی نابینا افراد سے ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ مظاہرین ضلعی انتظامیہ اور ضلعی حکومت کے خلاف نعرہ بازی بھی کرتے رہے ، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طالب حسین نے کہا کہ ہمیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نابینا افراد کے ساتھ مذاکرات کیلئے بھیجا گیا ہے سپریم کورٹ کی ایس او پی کے مطابق مظاہرین کے مطالبات کو دیکھا جائے گا ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیاز ی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد کا احتجاج بلا جواز اور غیر قانونی ہے ہمارے پاس محکمہ ہیلتھ میں مخصوص افراد کی بھرتی کیلئے 3 سیٹوں پر 100 سے زائد درخواستیں آ چکیں ہیں سی او ہیلتھ اور اے ڈی سی جی کی نگرانی میں کمیٹی سفارشات مرتب کرے گی جس کے بعد فیصلہ کیاجائے گا کہ ان سیٹوں پر بھرتی کیلئے کون حقدار ہے۔