انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائیگی:ڈاکٹر شجاعت علی 

حسن ابدال:انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ عطائی ڈاکٹر اپنا بوریا بستر لپیٹ لیں ورنہ سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حسن ابدال ڈاکٹر شجاعت علی خان نے ڈرگ کنٹرول عظمٰی خالد کے ہمراہ حسن ابدال کے مختلف کلینکوں اور میڈیکل سٹوروں پر اچانک چھاپہ مار کر چیک کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے حسن ابدال کے مختلف علاقوں میں اچانک دورہ کرتے ہوئے غیر معیاری ادویات کی فروخت اور صحت کے اصولوں کے خلاف کام کرنے والے عطائی ڈاکٹروں کو چیک کیا۔ رحمان ڈینٹل کلینک گلشن مارکیٹ کو عطائی ڈاکٹر کی جانب سے چلانے پر اسے چالان کیا گیا جبکہ جذبہ ویلفئر سوسائٹی کی جانب سے چلائے جانے والے کلینک میں بھی غیر مستعند ڈاکٹر کی موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اسے بھی چلان کرتے ہوئے وہاں سے ادویات کے سیمپل لیے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عطائی ڈاکٹروں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور انسانی جانوں سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والے اور غیر مستعند ڈاکٹر کے ذریعے کلینک چلانے والے اپنا بوریا بستر لپیٹ لیں ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ تحصیل حسن ابدال کیتمام علاقوں میں جاکر میڈیکل سٹور اور کلینک چیک کیے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گاانہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹیو ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجازاعوان خود اس تمام کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں اور ان کی واضح ہدایات موجود ہیں کہ اس سلسلے میں کسی دباؤ کو اہمیت نہ دی جائے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔