حسن ابدال: بلامقابلہ آنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا:ابدالین گروپ 

حسن ابدال:مرکزی انجمن تاجران کے انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا۔ بلامقابلہ آنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،تیاری کرتے تو الیکشن کا نتیجہ کچھ اور ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران حسن ابدال کے انتخابات میں حصہ لینے والے ابدالی گروپ کے عہدے داران نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں حاجی خضر محمود،تیمور ساجد علی خان، ایاز علی خان,فہد نسیم راجہ,ظفر محمود, ہاشم خان, شہباز علی اعوان  سمیت دیگر ممبران بھی موجود تھے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے حاجی خضر محمود نے کہا کہ چودھری جمشید اختر کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑا رہا مگر کچھ وجوہات کی بنا پر ہمارے راستے الگ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں ابدالین گروپ نے بھرپور حصہ لیا مگر ہمیں الیکشن کی تیاری کے لیے وقت بہت کم دیا گیا جبکہ الیکشن شیڈول سے بھی ہم مطمئن نہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے حقوق کے لیے ہم نے ہمیشہ آواز بلند کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔مرکزی انجمن تاجران کے انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا گیا مگر اس کے باوجود ہم نے بہت تھوڑے وقت میں بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اصولوں کی بات کرتے ہیں اور ہماری لڑائی بھی اصولی ہے یہی وجہ ہے کہ تاجر برادری نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے انہوں نے کہا کہ چودھری جمشید گروپ نے ذیلی تنظیموں میں اپنے من پسند افراد کو کامیاب کرایا تھا اور انہیں کے بل بوتے پر آج مرکز کا الیکشن بھی لڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آنے والے وقت میں تاجروں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور ان کے حقوق کی جنگ میں کبھی کمزوری کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ بہت جلد ایک وائٹ پیپر شائع کیا جائے گا جس میں انجمن تاجران حسن ابدال کے انتخابات کے حوالے سے حقائق تاجر برادری کے سامنے رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتخابات روکنے کے لیے عدلیہ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا مگر وہاں بھی ہماری شنوائی نہیں ہوئی جس کے بعد ہم نے انتخابی عمل میں حصہ لیتے ہوئے اپنے نامزد امیدواروں کو ووٹ ڈالے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران ابدالین گروپ کو مزید منظم کیا جائے گا اور آنے والے وقت میں مرکزی انجمن تاجران تحصیل حسن ابدال ایک مضبوط تنظیم کے طور پر سامنے آئے گی۔