بچے نے غلط پاس ورڈ لگایا، آئی پیڈ 48 سال تک لاک ہو گیا

مانیٹرنگ ڈیسک
بچے اگر خاموش ہوں تو پھر جا کر جائزہ لے لیں کہ کہیں یہ خاموشی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ تو نہیں۔ خصوصاً جب بچے کے ہاتھ میں آپ کا موبائل، آئی پیڈ یا کوئی دوسرے جدید آلات ہوں۔ ایسا ہی کچھ ہوا دی نیو یارکر میں بطور رائٹر کام کرنے والے ایوان اوسنوس کے ساتھ، جنہوں نے ایک ٹوئٹ میں اپنی مشکل بیان کی اور اس مشکل میں ایوان کو ڈالنے والا کوئی اور نہیں بلکہ ان کا بیٹا ہی تھا۔ مشکل یہ ہے کہ ایوان کے 3 سالہ بیٹے نے ان کا آئی پیڈ کھولنے کی کوشش کی، ناکامی کی صورت میں اس نے یہ کوشش اتنی بار دہرائی کہ آئی پیڈ لاک ہو گیا۔ آپ لوگ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ ایسی کونسی مشکل ہے، مشکل یہ ہے کہ اسکرین پر ابھرنے والے پیغام میں بتایا گیا کہ اب دوبارہ کوشش 25,536,442 منٹوں کے بعد کی جائے۔ ایوان نے اسکرین شاٹ ٹویٹ میں شیئر بھی کیا ہے۔