ن لیگ کے حنیف عباسی کیمپ جیل لاہور سے رہا

لاہور: ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو کیمپ جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے انسداد منشیات کی عدالت سے ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چلینج کیا تھا۔حنیف عباسی نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ انسداد ِمنشیات عدالت نے فیصلے میں اہم قانونی نکات کو نظر انداز کیا، کیس میں نامزد دیگر 7 ملزمان کو رہا کردیا گیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ درخواست گزار کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا گیا لہٰذا عدالت سزا معطل کرکے ضمانت منظور اور رہا کرنے کا حکم دے۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے حنیف عباسی کی درخواست پر سماعت کرکے فیصلہ سنایا اور لیگی رہنما کی سزا معطل کردی تھی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ حنیف عباسی رہائی کے بعد راولپنڈی جائیں گے جہاں وہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔