آکسفورڈ ایجوکیشن سسٹم ناڑہ میں تقریب تقسیم انعامات

جنڈ:ہر سال کی طرح اس سال بھی آکسفورڈ ایجوکیشن سسٹم ناڑہ میں یومِ والدین و تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب خواتین کے لیے مخصوص تھی اس لیے تمام طلباء وطالبات کے گھروں سے خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا بنیادی مقصد سٹوڈنٹس کو اپنی خداداد صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع میسّر کرنے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام اور ہونہار طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی شہیر سیالوی نے آکسفورڈ ایجوکیشن سسٹم ناڑہ کی تعلیمی خدمات کو سراہنے کے ساتھ ساتھ دیہات میں رہنے کے باوجود بچوں کی شاندار پرفارمنس پر انتہائی مسرّت کا اظہار کیا۔ سکول پرنسپل مسز عارف خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سر عارف خان کی کمی پوری کرنا تو ممکن نہیں لیکن آکسفورڈ کی پوری ٹیم آج بھی اُنہی کے مشن پر کاربند ہے اور آپ کے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ہم اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔ پرنسپل صاحبہ نے تشریف لانے مہمانوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا اور ادارے کی تمام کامیابیوں کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا- ان شاء اللہ ہمارا ہر آنے والا دن پہلے سے بہتر ہوگا جماعت نہم انگلش میڈیم کا اجراء ، پری فرسٹ ایئر اور بی ایس سی کلاسز کا اجراء اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ یقینی طور پر اب کالج لیول پر معیاری تعلیم کے حصول کے لیے آپ کی بچیوں کو دُور جانے کی ضرورت نہیں۔آخر پہ آکسفورڈ کے ہونہار سٹوڈنٹس نے سر عارف خان کو خراج تحسین پیش کیا اور مہمان خصوصی نے سٹوڈنٹس میں شیلڈز تقسیم کیں۔
