حسن ابدال: تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں : امین اسلم

حسن ابدال:تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ملک بھی چلائیں گے اور احتساب بھی کیا جائے گا کوئی غلط فہمی میں نہ رہے نہ کسی کے ساتھ ڈیل کی جائے گی اور نہ کسی کو ڈھیل دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے گزشتہ روز مرکزی انجمن تاجران حسن ابدال کے کے دفتر کے دورہ کے موقع پر نومنتخب صدر واراکین کو مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مرکزی انجمن تاجران حسن ابدال کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے چودھری جمشید گروپ کی تاجروں کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چوہدری جمشید اختر ان کی پوری ٹیم تاجروں کے حقوق کے لیے ہمیشہ میدان کھڑی ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج حسن ابدال کے تاجروں نے ایک مرتبہ پھر ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈیل کی باتیں کرنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں ہماری حکومت نہ کسی کے ساتھ ڈیل کرے گی اور نہ کسی کو ڈھیل دے گی۔انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود ہم عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہیں اور ہم ملک بھی چلائیں گے اور احتساب کا عمل بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے چھ ٹریلیئن کا قرضہ 30 ٹریلین تک پہنچا دیا جس کی وجہ سے آج عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ملک امین اسلم نے کہا کہ میاں برادران نے اربوں روپے دوبئی بھجوائے جن کے ثبوت مل چکے ہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ماضی کی حکومتوں کی جانب سے لئے گئے قرضے اور ان پر سود ادا کرنے کے لیے دنیا بھر سے بھیک مانگ رہے ہیں تاکہ پاکستان کے عوام کو ان قرضوں سے نجات دلوائی جاسکے انہوں نے حسن ابدال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اور صاف پانی کی فراہمی سمیت گیس اور بجلی کی فراہمی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ا بہت جلد حسن ابدال کے لیے ایک بڑے پیکج کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد یہاں کی محرومیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
