پی ٹی آئی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے:شیخ آفتاب احمد 

اٹک:مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما ءسابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان دو روز قبل جس کابینہ پر اطمینان کا اظہار کر رہے تھے پھر اچانک کیا وجہ ہوئی کہ فوری طور پر تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا حقیقت یہ ہے کہ جب پہلی اینٹ ہی درست نہ رکھی جائے تو عمارت کبھی بھی ٹھیک تعمیر نہیں ہو سکتی،ہر محاذ پر ناکامی کے باوجود آپ اپنی فتح کے دعوے کر رہے ہیں اگر یہ آپ کی فتح ہے تو آپ شکست کے مفہوم سے بھی قوم کو آگاہ کر دیں،ابھی تک آپ پتہ نہیں کون سی خوابوں کی دنیا میں کھوئے ہوئے ہیں کہ معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا کر بھی لوگوں کو نہ گھبرانے کی تاکید کر رہے ہیں،پاکستانی قوم بہت بلند حوصلے کی مالک ہے 1965ءاور 1971 ءکی جنگوں میں دنیا نے اس بہادر قوم کی تعریف کی ہے لیکن سچ یہ ہے کہ آپ کی جھوٹی تبدیلی نے ان کو گھبرا دیا ہے،انہوں نے کہا کہ کسی پر الزام عائد کرنا اس کو مجرم ثابت نہیں کرتا آپ ہر وقت چور اور ڈاکو کا شور مچا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں کسی بھی الزام پر فیصلہ دینا عدلیہ کا کام ہے،سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ آپ کی یہ نئی ٹیم کامیاب ہو تاکہ ملک ترقی کرے اقتدار آنی جانی چیز ہے ملک کی ترقی و خوشحالی کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔