جنڈ: بیکن لائیٹ سکول میں سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات کا انعقاد

جنڈ: بیکن لائٹ سیکنڈری سکول جنڈ میں سیشن19 -2018 کی ایک خوبصورت تقریب تقسیمِ انعامات منعقد کی گئ،تقریب میں بچوں نے ملی نغمے اور مختلف ٹیبلو پیش کیئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول ہٰذا کے پرنسپل انیس احمد ملک کا کہنا تھا کہ میں والدین کا انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے بچوں کی تعلیم و ترقی کیلیئے سکول کا ساتھ دیا،خطاب کے دوران سکول ھٰذا کے پرنسپل نے پچھلے دوسال سے سکول میں رائج ایک پالیسی پر تفصیلی روشنی ڈالی جس کے تحت سکول ہٰذا میں مختلف انداز سے بچوں کے تعلیمی معاملات کو پرکھا جاتا ھے اور ان کی بہتری کیلیئے مزید کوشش کی جاتی ھے، اور ہر مضمون کی مہارتوں پر مزید کام کیا جاتا ھے، کمزور پہلوؤں کو تلاش کرکے ان کو نکھارنے کیلیئے ان پر مزید محنت کی جاتی ھے،انہوں نے کہا کہ بیکن لائیٹ کی مارک شیٹ اس بات کا ثبوت ھے کہ پچھلے دو سالوں سے سکول میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے بجائے ہر بچے کو اس کی کارکردگی کے مطابق سراہا جاتا ھے،ان کا کہنا تھا کہ اس سال بھی بچوں نے جیسی بھی کارکردگی دکھائی وہ 40 فیصد، 60 فیصد تھی یا 90 فیصد، ہر بچے کو انعامات سے نوازا گیا تاکہ اس کی حوصلہ افزائی ہوسکے، یہ بات مشاہدے میں آئی کہ جب کلاس کے متوسط اور کمزور بچوں کو بھی انعامات دیئے گئے تو ان کے روَیّئے اور پڑھائی میں خاطرخواہ تبدیلی دیکھنے کو مِلی اور بچوں نے آگے بڑھنا شروع کردیا،انہوں نے کہا کہ اسی پالیسی کے تحت ہر بچے کو ایک ٹارگٹ دیا گیا کہ سال بہ سال 5 سے 10 فیصد محنت اور ترقی کریں اور سکول سے انعام حاصل کریں، نتیجہ یہ نکلا کہ اب 40 فیصد نمبر حاصل کرنے والا بچہ اپنے 50 فیصد کے ٹارگٹ کی لگن میں کوشاں رہتا ھے،جبکہ 90 فیصد لینے والا بچہ بھی اپنی مہارتوں کو مزید نکھارنے میں مگن رہتا ھے۔۔