ظلم اور ظالم کیخلاف ہمیشہ عملی میدان میں نظر آئیں گے:پی ٹی آئی حسن ابدال
حسن ابدال:پاکستان تحریک انصاف ظلم اور ظالم کے خلاف ہمیشہ عملی میدان میں نظر آئے گی۔ پی ٹی آئی کا نام لے کر غریب لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے عناصر کا ہماری تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ڈاکٹر خرم کی جانب سے زمینوں پر قبضے کی کوشش کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہیں اور ملک امین اسلم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس شخص کو کوآرڈینیٹر کے عہدے سے فوری طور پر ہٹایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے سٹی صدر شومی خان نے دیگر پارٹی عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ سٹی جنرل سیکرٹری افتخار احمد مغل ایڈووکیٹ۔سینئر نائب صدر تحصیل محمد چن زیب۔ سینئر نائب صدر سٹی بابو حنیف۔ جنرل سیکرٹری یوتھ حسن ابدال فرخ خان جدون اور الطاف حسین طافو سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران اور ورکروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی عہدے داران نے کہا کے ڈاکٹر خرم نامی شخص کا پی ٹی آئی سے یا اس کی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کا نام لے کر لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے ایسے عناصر کے خلاف پوری پی ٹی آئی ماضی میں بھی میدان میں کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ہم ہر مظلوم کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیے قربانیاں دینے والے ہم لوگ ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کے لیے اور اپنے لیڈر عمران خان کے لیے جدوجہد کی مگر آج کچھ پیراشوٹ کے ذریعے آنے والے لوگ پارٹی کے نام پر اپنے ذاتی مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک امین اسلم کی سیاست ہمیشہ عوام کی خدمت رہی ہے مگر ان کے نام پر آج نام نہاد کوآرڈینیٹر ان کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوآرڈینیٹر کا نام استعمال کر کے پہلے رجسٹری محرر سے بھتہ لینے کی کوشش کی گئی جبکہ بجلی اور گیس کے کاموں کے بھی عوام سے پیسے لیے جا رہے ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ملک امین اسلم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے شخص کو فوری طور پر کوآرڈینیٹر کے عہدے سے ہٹانے اور اس سے لاتعلقی کا اعلان کریں کیوں کہ ایسے عناصر پارٹی کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی متحد ہے اور اس میں کوئی گروپ بندی موجود نہیں ہے اکبر خان تنولی نے اس علاقے میں پی ٹی آئی کو مشکل وقت میں سنبھالا دیا اور آج اکبر خان تنولی پارٹی کی پہچان بن چکے ہیں جنہوں نے ہمیشہ حق و صداقت کا ساتھ دیا اور پارٹی کو ہمیشہ متحد رکھا۔انہوں نے کہا کہ ہم پارٹی کی اعلی قیادت کو بھی ڈاکٹرخرم کے حوالے سے تمام تفصیلات بھجوا رہے ہیں اور ہمارا پولیس سے بھی مطالبہ ہے کہ وہ متاثرہ افراد کی جانب سے دی گئی درخواست پر ایکشن لیتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے۔
