عوام کے مسائل حل کیلئے دن رات کام کیا جا رہا ہے: حاجی مشتاق میر
حضرو :یونین کونسل شینکہ کے وائس چیئرمین و ملک امین اسلم کے کوآرڈینیٹر حاجی مشتاق میر نے کہا ہے کہ وزیر ماحولیات کی خصوصی توجہ سے اٹک اور چھچھ میں لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کام کیا جا رہا ہے ، سوئی گیس اور بجلی کے بنیادی مسائل ترجیح میں ہونے کے ساتھ ساتھ عنقریب سڑکوں اور اہم راستوں کے سروے مکمل ہونے کے بعد ان پر بھی کام شروع کر دیا جائے گا، غربی چھچھ کے دیہات خصوصاً ویرو ، تاجہ باجہ ، قطبہ اور جتیال جہاں پر ہمیشہ سوئی گیس لو پریشر کی شکایات رہتی تھیں مئی کے پہلے ہفتے میں ملک امین اسلم کے ہاتھوں نئی پائپ لائن کا افتتاح کیا جائے گا ، مذکورہ دیہات کو پہلے گیس براستہ شمس آباد آ رہی تھی اب اس کو بڑی پائپ لائن سے ہٹیاں کے قریب منسلک کر دیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوںسے خصوصی گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے مزید کہا کہ چھچھ کے دیہات میں گزشتہ حکومت کی جانب سے گیس پائپ لائن بچھائی گئی اس میں بہت ساری آبادیاں سیاسی بنیادوں پر نظر انداز کی گئیں یہاں تک کہ ساتھ والے گھر اور گلیوں کو بھی چھوڑ دیا گیا تھا ان سب کا سروے مکمل ہونے کے بعد نقشہ جاتے تیار ہو رہے ہیں اور 274کلو میٹر پائپ لائن کی منظوری کیلئے پیپر ورک کیا جا چکا ہے جس پر عنقریب کام شروع ہو جائے گا ، حضرو شہر اور ملحقہ محلوں جیسے پیرداد وغیرہ کے سوئی گیس پریشر کیلئے بھی ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں ، 4انچ کی لائن بچھائی جائے گی جس سے شہر کا مسئلہ حل ہو جائے گا ، موضع برزہ زئی اور ملحقہ دیہات کیلئے بھی برہ زئی چوک تک 4انچ کی لائن جلد بچھائی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ ملک امین اسلم جس انداز سے دن رات چھچھ و اٹک کے عوام کیلئے کام کررہے ہیں یہ ان کا اپنے حلقہ اور یہاں کے عوام سے محبت کا ثبوت ہے ۔
