وزیراعظم کا رویہ غیر سنجیدہ ابھی تک کنٹینر سے ہی نہیں اترے : شیخ آفتاب احمد

اٹک :مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں تاہم وزیر اعظم عمران خان بیرونی دوروں پر غیر ذمہ دارانہ بیانات دے کر ان ہزاروں قربانیو ں کو مشکوک کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی کارکن ملک حبیب الرحمن کے بیٹے سہیل حبیب ملک کی دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے قریبی عزیز بابر شبیر ملک ، وزیر اعظم عمران خان کے دیرینہ ساتھی بانی رہنما تحریک انصاف حسن شاہ ، تحصیل صدر مسلم لیگ ( ن ) ، کونسلر میاں شاہنواز شانی بھائی ، شیخ حامد محمود ، شیخ ناطق کمال گلو ، شیخ عواد صفدر ، شیخ محمود الہٰی ، کونسلر شیخ ظہور الہٰی ، حاجی سیف الرحمن ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، سینئر صحافی جاوید کشمیری ، ثاقب چھاچھی ، ندیم افضل ، شیخ حامد قدوس کے علاوہ معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا بیرون ملک دوروں کے دوران شایان شان استقبال نہ ہونا ملک کی عزت واحترام کے خلاف ہے کبھی ڈپٹی میئر اور کبھی وزیر ٹرانسپورٹ کا استقبال کیلئے آنا پوری قوم کیلئے ندامت اور کوفت کا باعث ہے اس کے ذمہ دار بھی موجودہ حکمران خود ہیں جنہوں نے دوسرے ملکوں میں اپنی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو چور اور ڈاکو کہہ کر پوری قوم کا تشخص مجروح کیا ہے کسی کو چور یا ڈاکو ثابت کرنے کا اختیار ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کا ہے صرف الزام کی بنیاد پر پوری دنیا میں بدنام کرتے ہوئے وزیر اعظم نے وطن عزیر کی عزت ، حرمت اور وقار کو داؤ پر لگا دیا وقت اور حالات کا تقاضا یہ ہے کہ آپ نے جو وعدے اس قوم کے ساتھ کیے تھے ان کے عملی اقدامات پر عمل درآمد شروع کریں اور ملک کو مزید معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں قوم نے تبدیلی کے نعرے کے پیچھے چل کر تحریک انصاف کو ووٹ تو دے دیا لیکن اب ان کے حوصلے پست ہوچکے ہیں مہنگائی کا طوفان تھم نہیں رہا جبکہ سابقہ کے بعد اب موجودہ وزیر خزانہ بھی مزید مشکل فیصلوں کی پیشنگوئی کر رہے ہیں اس قدر شدید معاشی بحران کے باوجود عمران خان قوم کو این آر او اور چور ڈاکو کی کہانیاں سنا رہے ہیں دوسری طرف عوام منتظر ہے کہ کب حکومت ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کے بارے میں پالیسی کا اعلان کرے ادویات کی قیمتوں میں جس قدر اضافہ کیا گیا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی گیس،پٹرول،بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اور وزیر اعظم کا غیر سنجیدہ رویہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ ابھی تک کنٹینر سے ہی نہیں اترے حکومت کو 9 ماہ کا عرصہ ہو گیا اور اگلے ماہ بجٹ آنے والا ہے ایسی صورت حال میں حکومت کہتی ہے کہ خزانہ خالی ہے زرمبادلہ کے ذخائر میں روز بروز کمی ہو رہی ہے قوم یہ سوال کرنے پراب مجبور ہو گئی ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت جو زرمبادلہ کے ذخائر چھوڑ کر گئی تھی وہ کدھر ہیں اور جو بیرون ممالک سے ابھی تک موجودہ حکومت قرضے لے چکی ہے وہ سارا پیسہ کہاں خرچ ہو رہا ہے آپ کہتے تھے کہ پاکستان میں روزانہ 12ارب کی کرپشن ہوتی ہے تو پچھلے 9ماہ میں آپ نے تو یقینا وہ کرپشن روکی ہو گی تو وہ پیسہ قومی خزانے میں جمع ہونے کے باوجود مہنگائی کیوں کنٹرول نہیں ہورہی یہ باتیں اب سوالیہ نشان بن گئی ہے ۔
