فوج اور ملک کیخلاف بولنے والوں کیلئے زمین تنگ کر دی جائیگی: اکبر خان تنولی

حسن ابدال:پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف بولنے والوں کے لئے زمین تنگ کر دی جائے گی. پی ٹی ایم نے جتنا جھوٹ بولنا تھا بول لیا۔پختون عوام ان کے کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور امیدوار صوبائی اسمبلی اکبر خان تنولی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اس ملک کی حفاظت اپنی جانیں دے کر کی ہے آج پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف بولنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ممالک کے ہاتھوں پر کھیلنے والوں نے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے مگر افواج پاکستان نے پاکستان کے عوام کے ساتھ مل کر ایسے عناصر کا ہمیشہ راستہ روکا ہے نہانہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے پختون عوام کو گمراہ کرنا چاہتی ہے مگر پختون اس ملک کے وفادار اور اس ملک پر جان قربان کرنے والے لوگ ہیں جن پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد ایسے عناصر کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لاتے ہوئے ان کو بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو دوسروں پر تنقید سے پہلے اپنے خاندان کی لوٹ مار کا حساب دیں اور اپنی چوری چھپانے کے لئے پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف شور مچانے کا سلسلہ بند کریں۔ اب کسی چور لٹیرے کو این آرو نہیں ملے گا اور عمران خان اور ان کی پوری ٹیم احتساب کا وعدہ پورا کرے گی۔