انسانی جانوں سے کھیلنے والے بھیڑیوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا:ڈاکٹر شجاعت علی

حسن ابدال:انسانی جانوں سے کھیلنے والے بھیڑیوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا.عطائی ڈاکٹر اور غیر قانونی ادویات کو قبول نہیں کیا جاسکتا.عوام ایسے عناصر کی نشاندہی کریں انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا. ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شجاعت علی خان نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اٹک ڈاکٹر سہیل اعجاز اعوان کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر حسن ابدال عظمی خالد کے ہمراہ تحصیل حسن ابدال کے مختلف علاقوں میں اچانک کلینک اور میڈیکل سٹور چیک کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کوٹ سونڈکی میں عطای ڈاکٹر شمشاد خان کی جانب سے چلائے جانے والے کلینک کو ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر سیل کردیا جبکہ وہاں سے غیر قانونی ادویات برآمدہونے اور ایلو پیتھک ادویات کے حوالے سے کوئی ڈپلومہ پیش نہ کر سکنے پر ڈرگ ایکٹ کے خلاف ورزی پر انہیں چلان بھی کیا۔ انہوں نے تحصیل کے دیگر ہسپتالوں اور میڈیکل سٹوروں کو بھی چیک کیا اور انہیں وارننگ جاری کرتے ہوئے اپنے معاملات درست کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو کوئی رعایت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عطای ڈاکٹر اور غیر قانونی ادویات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی تمام ہسپتالوں میں کوالیفائیڈ ڈاکٹر تعینات کیے جائیں جبکہ میڈیکل اسٹور پر صرف قانونی ادویات فروخت کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آئینی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیکنگ کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور ہماری کوشش ہے کہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات میسر آسکیں جس کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔