نئے سیاسی گروپ کے نام کا باقاعدہ اعلان جلد کرینگے: امانت راول

اٹک : سابق امیدواران صوبائی اسمبلی ملک امانت راول، ملک حمید اکبر اور چنگیز خان نے کہا ہے کہ ہمارا اتحاد پریشر گروپ یا کسی کے خلاف نہیں ، یہ اتحاد ضلع اٹک اور عام آدمی کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف ہے ضلع کی 6 تحصیلوں میں ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد گروپ کا باضابطہ نام اعلان کریں گے یہ اتحاد تحصیلوں اور یونین کونسلوں کی بہتری کیلئے بہترین ثابت ہوگا پارٹی ابھی تو شروع ہوئی ہے آگے آگے دیکھئے کیا ہوتا ہے ضلع کے سیاسی رہنماو¿ں کی ناکامی اور پھیلی مایوسی کے پیش نظر عوام نے ہمارے گروپ کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا اور دھڑا دھڑ ہمارے ساتھ رابطے ہو رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرو میں ارشد خان ، عنصر خان امریکہ پلٹ کی جانب سے اپنے، محمد اقبال اور ساتھیوں کے اعزاز میں دیئے گئے پرتکلف عشائیہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر منتظم زاہد میر، مختلف یونین کونسل کے چیئرمین ، وائس چیئرمین، سابق ناظمین اور معززین بھی موجود تھے ملک امانت راول، ملک حمید اکبر اور چنگیز خان نے کہا کہ ہم پورے ضلع میں گروپ کو مضبوط کریں گے اور اپنی اپنی پارٹی میں رہ کر کوشش کررہے ہیں کہ ضلع میں پھیلی مایوسی کا خاتمہ کر سکیں ضلع اٹک میں ترقی کا عمل رک چکا ہے ہمارے گروپ کے قیام سے مایوس لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی الیکشن آ رہے ہو ں اس کیلئے تمام سیاستدان تیاری کرتے ہیں ہمارا اتحاد بھی جدوجہد میں ہے اور ہم خیال سیاسی رہنما و گروپوں کے سربراہوں کو اکھٹا کررہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ ہم ایک اچھا گروپ ضلع میں لے کر آئیں ہم ریڑھی بانوں ، رکشہ ڈرائیوروں ، ہوٹلوں پر کام کرنے والے، مزدوروں ، کسانوں ، غریبوں اور عام لوگوں کی نمائندگی کررہے ہیں کیونکہ ہم بھی اسی طبقہ سے ہیں اس لئے پوری کوشش ہو گی کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ان کی آواز بنیں بعد ازاں ملک امانت راول ، ملک حمید اکبر اور چنگیز خان نے اقبال میر اور سابق چیئرمین بلدیہ سعید آرائیں کے ڈیرہ پر بھی ان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔