سستا رمضان بازار حکومت کی جانب سے روزہ داروں کیلئے تحفہ :جنت حسین نیکو کار
حسن ابدال:سستا رمضان بازار حکومت کی جانب سے روزہ داروں کے لئے ایک تحفہ ہے. سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی ہمارا ٹارگٹ ہے اور انشائاللہ اسے پوری ایمانداری کے ساتھ پورا کیا جائے گا۔ عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں ہمارے ساتھ رابطہ کریں اس کا ازالہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی حسن ابدال جنت حسین نیکوکارا نے سستا رمضان بازار کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمیٹی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے رمضان بازار میں لگائے گئے اسٹالوں کا معائنہ کیا اور وہاں فروخت کی جانے والی اشیاء کا معیار چیک کرنے کے علاوہ وہاں موجود عوام سے بھی اس حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ہماری کوشش ہے کہ سستا رمضان بازار میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ بارہ سو آٹے کے تھیلے فروخت کرنے کے لیے لائے جاتے ہیں جبکہ چینی پر عوام کو سبسٹڈی دے کر 55 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے۔ جنت حسین نیکوکارا نے کہا کہ سستا رمضان بازار میں فروخت کیے جانے والے آٹے کے معیار کو باقاعدگی کے ساتھ ٹیسٹ کرایا جارہا ہے اور ہماری کوشش ہے کے معیاری آٹا عوام کو فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کریانہ یونین کی جانب سے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ اس بابرکت مہینے میں پورے شہر میں دکاندار بغیر منافع کے ضروریات زندگی کی اشیاء عوام کو فروخت کریں اور منافع کے بجائے اس مہینے کی برکتوں کو سمیٹیں۔ انہوں نے کہا کہ سستا رمضان بازار میں گوشت پر بھی سبسڈی دی جارہی ہے اور ہماری کوشش ہے یہاں سے عوام سستی اور معیاری اشیاء خرید کر جائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی واضح ہدایات موجود ہیں کہ معیار اور نرخوں پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے یہی وجہ ہے کہ ہم باقاعدگی کے ساتھ یہاں فروخت کی جانے والی اشیاء کی نگرانی کر رہے ہیں اور یہاں موجود خامیوں کو بھی دور کرنے میں کوشاں ہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے شہر کی صفائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر صفائی کا انتظام ممکن نہیں ہے عوام اپنے گھروں کا کوڑا کرکٹ باہر پھینکنے کے بجائے ڈسٹ بن میں ڈالیں اور شہر کو بھی اپنا گھر سمجیں محکمہ صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں تو اس شہر کو صاف اور خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔
