پنڈی گھیب :تبدیلی کو ووٹ دینے والے ہی حکومت پربرس پڑے

پنڈی گھیب: مقامی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث پنڈی گھیب شہر اور گرد نواح کے علاقے مسائل کی دلدل میں دھنس چکے ہیں جبکہ وزیر مشیر اور اراکین اسمبلی انجانے خوف میں مبتلا ہو کر عوام کو بے سہارا چھوڑ کر منظر سے غائب ہو گئے، تفصیل کے مطابق تبدیلی سرکار کے آتے ہی جہاں پورا نظام مملکت درہم برہم ہوگیا ہے وہاں اس کے اثرات تحصیل اور یونین کونسل سطح تک بھی پہنچ چکے ہیں بلدیاتی اداروں کے خاتمہ کے بعد ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی سے بھی مسائل میں مزید اضافہ دکھائی دے رہا ہے ماہ رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ ختم ہونے کے قریب ہے لیکن مقامی انتظامیہ کی طرف سے رمضان سستا بازار کو تا حال عوام کیلئے فائدہ مند نہیں بنایا جا سکا ہے۔  ٹھنڈے دفاتر میں بیٹھے افسران کو غریب عوام کی چیخیں سنائی ہی نہیں دیتیں آئے روز بڑھتی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ شدہ اشیائے خورد و نوش کی فراوانی، تجاوزات، معاشرتی اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال مزید ابتری کا شکار ہے جس کے تدارک کیلئے کوئی ٹھوس حکمت عملی نہیں بنائی جا سکی پی ٹی آئی کھوڑ کے کارکن حافظ طارق ملک اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیروں مشیروں اور اراکین اسمبلی کو توفیق ہی نہیں ہوئی کہ وہ غریب عوام کو ماہ رمضان میں ریلیف دینے کیلئے مقامی انتظامیہ اور تاجروں کی ایک میٹنگ طلب کر لیتے یا سستا رمضان بازار اور یوٹیلیٹی اسٹورز کا دورہ ہی کر لیتے جس سے انہیں عوام کے مسائل سے آگاہی ہوتی شاید انہیں اپنی موج مستیوں اور سیاسی چالوں سے فرصت ہی نہیں ہے انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی کہ وہ دور دراز علاقوں کے مسائل کے خاتمہ کیلئے فوری طور پر نوٹس لیں۔