پنڈی گھیب: پولیس کی سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں جاری 

پنڈی گھیب : پنڈی گھیب سٹی چوکی پولیس انچارج ملک منورخان کا منشیات فروشوں اور بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں کے خلاف مہم زور و شور سے جاری ہے، تفصیل کے مطابق ڈی پی او اٹک سید ندیم شہزاد بخاری کی ہدایات پر ضلع بھر کی طرح پنڈی گھیب میں بھی منشیات فروشوں ،بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں اور دیگر جرائم کے خلاف مہم جاری ہے اس سلسلہ میں سٹی پولیس پنڈی گھیب کے انچارج ملک منور خان نے عہدہ سنبھالتے ہی جرائم پیشہ سماج دشمن عناصر کے خلاف دائرہ تنگ کر دیا ہے بالخصوص بغیر نمبر پلیٹ اور بدون ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائیوں سے شہر میں موٹر سائیکلوں کی بھرمار اور حادثات میں خاطر خواہ کمی دیکھی گئی ہے۔ دوسری طرف عید الفطر کی آمد کے موقع پر متوقع رش کے مسائل سے نمٹنے کیلئے شہر کے مین بازار کے داخلی راستوں پر پولیس کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ انچارج ٹریفک پولیس فیضان بھٹی کی طرف سے ناقص سی این جی سلنڈرز والی گاڑیوں کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔