ملزمان کی حوالگی کا بل مکمل ختم ہوچکا: چیف ایگزیکٹو ہانگ کانگ

ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو کیری لیم نے ملزمان کی حوالگی کے متنازع بل کے مکمل خاتمے کا اعلان کردیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیری لیم نے کہا کہ ملزمان کی حوالگی کا بل اب مکمل ختم ہوچکا ہے۔  ہانگ کانگ نے مظاہروں کے بعد ملزمان کی چین حوالگی کا متنازع بل واپس لے لیا کیری لیم نے اعتراف کیا کہ بل پر حکومت کا کام مکمل طور پر ناکام رہا جب کہ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کا اب اس بل پر مزید کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور اس حوالے سے قانون ساز کونسل میں بھی کوئی اقدام نہیں اٹھایا جائے گا۔ اس سے قبل کیری لیم نے متنازع بل کے حوالے سے کہا تھا کہ یہ بل رواں آئینی مدت ختم ہونے کے بعد 2020 میں ختم ہوگا۔ واضح رہےکہ ہانگ کانگ میں ملزمان کی چین کو حوالگی کے متنازع بل کو لے کر شدید احتجاج کیا گیا اور مظاہرین نے ہانگ کانگ کی برطانیہ سے آزادی کی سالگرہ پر بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جب کہ اس دوران مظاہرین پرچم کشائی کی تقریب کے مقام تک بھی پہنچے اور انہوں نے پارلیمنٹ پر بھی حملہ کیا۔