پنڈی گھیب انتظامیہ کی عوامی مسائل کے حل سے چشم پوشی

پنڈی گھیب:ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی عوامی مسائل سے چشم پوشی کے باعث پنڈی گھیب میں ذخیرہ اندوزوں نے گندم کے نرخوں میں فی من چار سو روپے اضافہ کر دیا، عوامی حلقوں نے بڑے گوداموں میں چھاپے مارنے اور گندم کی سرکاری قیمت نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تفصیل کے مطابق تبدیلی سرکار کے بڑے دعووٗں کے بر عکس مقامی سطح پر حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے گوشت، سبزیاں، دالیں، دودھ اور دیگر اشیائے ضروریہ کے مہنگے ہونے کے بعد گندم کے بیوپاریوں نے بھی نرخوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے تین ماہ قبل مقامی سطح پر گندم کی نئی فصل کاٹی گئی جس کی قیمت 12 سو روپے من تھی اور آج یکدم اس کی قیمت 16 سو روپے فی من کر دی گئی ہے۔ جبکہ ناجائز منافع خوروں نے بڑے گوداموں میں گندم ذخیرہ کر رکھی ہے جس کی قیمت آنے والی سردیوں میں مزید بڑھنے کے خدشات ہیں عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،صوبائی وزیر مال کرنل (ر) ملک محمد انور خان اور ڈی سی اٹک سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
