جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والا مرکزی ملزم میاں طارق گرفتار

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے مرکزی ملزم میاں طارق کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کےمطابق میاں طارق کی گرفتاری ایف آئی اے اسلام آباد کے سائبر کرائم ونگ نے کی، ملزم کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون سےگرفتار کیا گیا اور اس کے گھر سے ویڈیو بھی برآمد کی گئی جس کا فرانزک کرالیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے بیان حلفی میں میاں طارق کا بھی ذکر کیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم میاں طارق محمود کا تعلق ملتان سے ہے اور وہ دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ ایف آئی اے نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا جہاں جج نے ملزم سے سوال کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہیں گے؟ اس پر ملزم میاں طارق نے الزام لگایا کہ اسے گرفتار کرکے تشدد کیا گیا جس سے اس کی ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں۔ ایف آئی اے نے ملزم سے تفتیش کے لیے عدالت سے اس کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم میاں طارق محمود کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کو 19 جولائی کو میڈیکل رپورٹ کے ساتھ پیش کریں۔
