پبلک ٹرانسپورٹ کی من مانیاں،فرنٹ پر3 سواریاں بٹھائی جانے لگیں

جنڈ(صدیق فخر سے)پبلک ٹرانسپورٹ کی من مانیاں عروج پر، جنڈ سے راولپنڈی کا کرایہ190 روپے جبکہ فرنٹ پر3 سواریاں اور 14سیٹ والی گاڑی پر 19 سواریاں بٹھائی جانے لگی، ضلع اٹک میں کئی سال سے کرایہ نامہ جاری نہ ہو سکا، متعلقہ محکمہ غیر فعال، آر ٹی اے سے کرایہ نامہ نافذ کرنے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ضلع اٹک میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ موت بانٹنے لگی، فرنٹ سیٹ پر تین تین سواریاں بٹھانے معمول بن چکا جبکہ من مانے کرائے وصول کئے جا رہے ہیں کئی سالوں سے ضلع اٹک میں کسی بھی روٹ کیلئے کرایہ نامہ جاری نہ ہو سکا جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں سے آئے روز سواریوں کے لڑائی جھگڑے ہونا معمول بن گئے۔ زیادہ تر گاڑیاں بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ چل رہی ہیں جو اکثر حادثات کا باعث بنتی ہیں۔ بطور خاص جنڈ سے راولپنڈی چلنے والی ہائی ایس میں فرنٹ سیٹ پر تین سواریاں بٹھانا معمول بن چکا ہے جبکہ 14 سیٹ  والی گاڑی پر 19 سواریاں بٹھائی جا رہی ہیں اور کرایہ بھی 190 وصول کیا جا رہا ہے۔ اہلیان اٹک نے آرٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع اٹک میں تمام روٹس کا کرایہ نامہ جاری کیا جائے اور ٹرانسپورٹروں کو قانون کا پابند کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے علاوہ ازیں گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیونگ لائسنس لازمی چیک کیا جائے تاکہ حادثات میں کمی آ سکے۔