احتساب کے نام پر انتقام کی سیاست کو فروغ دیا جا رہا ہے :شیخ آفتاب احمد 

اٹک:مرکزی رہنما مسلم لیگ ن سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے سابق وزیر اعظم سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر اپنے ردعمل کا اظہار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے. احتساب کے نام پر انتقام کی سیاست کو فروغ دیا جا رہا ہے ہم نے کبھی احتساب کی مخالفت نہیں کی ہم غیر جانبدارانہ اور بلا تفریق احتساب کے لئے ہر وقت حاضر ہیں لیکن آج جو کچھ احتساب کے نام پر ہو رہا ہے اس پر تو پوری قوم حیران ہے. تحریک انصاف میں شامل کئی لوگوں کے خلاف مقدمات نیب میں موجود ہیں لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی ان کا میڈیا ٹرائل بھی نہیں کیا جاتا. مسلم لیگ ن کی حکومت میں میڈیا کو مکمل آزادی حاصل تھی آج پابندیوں کا سامنا ہے تاکہ لوگوں کو حقائق سے آگاہ نہ کیا جا سکے اور جھوٹے الزامات لگا کر پگڑیاں اچھالی جا سکیں. مسلم لیگ ن کی قیادت تو قانون کا احترام کرنے کی تاریخ رقم کر رہی ہے اور آج تک جتنے بھی الزامات و مقدمات قائم کئے گئے ہیں کوئی ایک بھی ثابت نہیں ہوا. سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے چیف جسٹس آف پاکستان پر مکمل اعتماد ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ انصاف کا بول بالا کریں گے اور قانون کے مطابق بغیر کسی دباﺅکے تمام مقدمات میں فیصلہ دیں گے. انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے تقریباً ایک سال گزر دیا اور ابھی تک وہی کنٹینر والی تقریروں سے لوگوں کو سنہرے خواب دکھائے جا رہے ہیں. اس ایک سال میں آپ نے کتنا پیسہ اکٹھا کر لیا. کتنے ڈالر باہر سے لائے ہیں یہ سب قوم کے سامنے لائیں. انہوں نے کہا کہ میں مقتدر اداروں سے بھی کہوں گا کہ خدارا ملک و قوم کو اس شدید معاشی بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں لوگوں میں اب مزید مہنگائی کا بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں رہی. موجودہ حکمرانوں کی ترجیحات میں عوام کے مسائل شامل نہیں ہیں وہ نواز شریف کی مخالفت, چور, ڈاکو اور این آر او کے نعروں سے لوگوں کا پیٹ بھرنا چاہتے ہیں.