راولپنڈی: پاکستان آرمی ایوی ایشن کا طیارہ گر کر تباہ، 17 افراد جاں بحق

راولپنڈی:موہڑہ کالو کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ اور عملے کے 3 ارکان سمیت 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو کے قریب طیارہ گرنے کا حادثہ رات گئے پیش آیا جس میں 12 افراد زخمی بھی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گرا جس سے قریبی گھروں میں آگ لگ گئی، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور ملبے تلے افراد کو نکالا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا، حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں 12 شہری جاں بحق ہوئے اور 12 افراد زخمی بھی ہوئے، حادثے کے شہداء کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ 4 افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ ثاقب اور لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ وسیم شامل ہیں، ان کے علاوہ نائب صوبیدارافضل، حوالدارامین اور حوالدار رحمت بھی شہداء میں شامل ہیں۔ عینی شاہدین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رات تقریباً 2 بجے کا وقت تھا کہ جہاز کی بالکل مختلف آواز سنی، نیچے آکر دیکھا تو جہاز گرنے کے بعد شعلے بلند ہو رہے تھے۔ صدر مملکت عارف علوی نے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
