کامرہ کے گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،عوام پریشان

اٹک(ڈیلی اٹک نیوزویب)کامرہ کے گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے کاروباری حضرات عاجز آ گئے ، ہر روز کسی نہ کسی مینٹینس کا بہانہ بنا کر گھنٹوں بجلی کی لوڈ شیڈنگ واپڈا ہٹیاں کا معمول بن گیا ہے اگر کمپلینٹ کی جائے تو نمبر تک اٹھانا گوارہ نہیں کرتے وزیر بجلی و پانی نوٹس لیں تفصیلات کے مطابق کامرہ کے کاروباری حضرات نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کامرہ کے گردو نواح میں روزانہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جانی واپڈا ہٹیاں کا معمول بن چکا ہے روز کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کر کے عوام اور کاروباری حضرات کو اس حبس اور گرمی کے موسم میں بجلی سے محروم رکھا جاتا ہے کبھی واپڈا والے کہتے ہیں کہ ہم ٹرانسفارمر تبدیل کر رہے ہیں ، کبھی کہتے ہیں کہ مین لائن پر کام ہو رہا ہے ، کبھی ضروری مینٹینس ، کبھی طوفان کی وجہ سے لائنیں خراب ہیں اور کبھی درختوں کی کٹائی کا بہانہ کر کے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ واپڈا ہٹیاں اہلکاروں کو یہ تمام کام سخت گرمی اور حبس کے دنوں میں ہی کرنے کیوں یاد آتے ہیں اگر واپڈا ملازمین نے کوئی کام کرنا ہے تو ایک ہی مرتبہ کیوں نہیں کر لیتے یہ ہر روز کیوں ضروری کام کے نام پر لوڈ شیڈنگ کرتے ہیں اگر واپڈا کمپلینٹ آفس نمبر 0572-640025 پر کال کی جائے تو کہتے ہیں کہ آپ 0572642328 پر کال کر لیں جبکہ دوسرا نمبر کوئی بھی اٹھانے کی زحمت تک گوارا نہیں کرتے معززین کامرہ نے بجلی و پانی کے وزیر اور واپڈا کے افسران سے اس بارے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔