فتح جنگ شہر میں تجاوز ات مافیا چھا گیا،پیدل چلنا محال

فتح جنگ :فتح جنگ شہر میں تجاوز ات مافیا چھا گیاپیدل چلنا محال،فٹ پاتھ کرائے پر چڑھا دئیے گئے،بیکری و ہوٹل مالکان نے کرسیاں سڑکوں پر رکھ دیں ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ،تفصیلات کے مطابق فتح جنگ شہر میں انتظامیہ کی غفلت ،ملی بھگت یا بھتہ خوری کی وجہ سے تجاوز مافیا نے عوامی گزرگاہوں کو تنگ کر دیا ہے ،تھانہ روڈ ،تحصیل روڈ،سکول روڈ،پنجاب بنک والی گلی،گلی مکی مسجد والی،کوہاٹ روڈ،کھوڑ روڈ ،اٹک روڈ،پنڈی روڈ پر ہوٹل مالکان ،سبزی فروٹ فروشوں نے سڑکوں ،فٹ پاتھوں پر قبضہ جما کر عوام کے لئے مشکلات پیدا کر دی ہیں پیدل چلنا محال ہو گیا،خریداری کے لئے آنے والی خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔بلدیہ کے اہل کاروں کی آشیر باد سے قبضہ مافیا نے دکانیں کے باہر پندرہ سے بیس فٹ تک تجاوزات قائم کر لیں جس کی وجہ سے سڑکیں اور گزرگاہیں سکڑ گئی ہیں ،کھوڑ روڈ ،تھانہ روڈ اور کوہاٹ روڈ پر تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے شام کے اوقات میں تو مرکزی چوک کسی ریڑھی بازار کا منظر پیش کرتا نظر آتا ہے ۔فتح جنگ کے شہریوں نے ڈی سی اٹک سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں تجاوز ات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کیا جائے۔
