حکومت دینے کی بجائے عوام سے فری سہولیات چھین رہی ہے: شیخ آفتاب احمد

اٹک :مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر اس قدر پابندیاں عائد کر دی گئی کہ وہ قوم کو حقائق سے آگاہ نہ کر سکیں اس وقت متوسط طبقہ غربت کی سطح پر پہنچ گیا اور حکمران اپنی عادت سے مجبور ہو کر خوشی کے شادیانے بجا رہے ہیں اور سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں غریب عوام کیلئے سرکاری ہسپتال بہت بڑی سہولت ہیں اور محمد شہباز شریف نے عوام کی اس سہولت کے پیش نظر پرچی فیس اور لیب ٹیسٹ فری کر دیئے تھے جبکہ تبدیلی سرکار نے وہ نہ صرف بحال کر دیئے بلکہ ان میں خاطر خواہ اضافہ بھی کر دیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں ضلعی سیکرٹریٹ مسلم لیگ ( ن ) میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، تحصیل صدر اٹک میاں شاہنواز شانی ، سٹی صدر شیخ محمود الہٰی ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات میاں راشد مشتاق ، شیخ حامد قدوس ، شیخ عواد صفدر ، سرپرست اعلیٰ اٹک پریس کلب رجسٹرڈ حاجی محمد فیضیاب خان کے علاوہ دیگر موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حکمرانوں کے دعوؤں اور وعدوں پر سوالیہ نشان چھوڑ کر موجودہ حکومت کا ایک سال مکمل ہو چکا ہے قوم ورطہ حیرت میں مبتلا ہے کہ جن ایک کروڑ نوکریوں کی بات کی گئی تھی اس ایک سال میں تو وہ کسی کو نہیں ملی اس طرح اب اگلے 4 سالوں میں ہر سال 25 لاکھ نوکریاں دے کر ہی وعدے کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے دوسری طرف 50 لاکھ گھروں کا دعویٰ بھی صرف باتوں کی حد تک محدود رہا اشیاء خورد و نوش میں بے انتہاء اضافہ اور کاروباری سرگرمیوں کا مخدوش ہونا شدید تشویش کی بات ہے اس ایک سال میں حکومت نے سابقہ حکومتوں کے کاموں پر اپنے نام کی تختی لگانے کا کام بخوبی سرانجام دیا اور مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت کا عوام کی ریلیف کے لئے جاری کیا گیا ہیلتھ کارڈ کے منصوبے کا کریڈٹ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو احساس پروگرام کا نام دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے یہ افسوس کا مقام ہے کہ خود اپنا کوئی بھی عوام کی ریلیف کے لئے منصوبہ جاری نہیں کر سکے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہماری مسلح افواج کا دنیا بھر میں نمایاں مقام ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے تاہم جنگ صرف طاقت کے بل بوتے پر نہیں لڑی جاتی اس کے لئے مضبوط معیشت کا ہونا بھی بے حد ضروری ہے جبکہ اس وقت ملک کی معیشت کی حالت انتہائی تشویشناک حد تک خراب ہو چکی ہے سابق وفاقی وزیر نے معروف اینکر حامد میر کو حالت جنگ میں باڈر پر جا کر مقامی لوگوں کا موقف دنیا کے سامنے پیش کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔