کشمیری عوام پر مظالم بھارت کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیں گے:سردار سلیم حیدر

اٹک:کشمیری عوام پر مظالم بھارت کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیں گے۔بھارت کشمیر پر قبضے کے خواب دیکھنے چھوڑ دے ۔بہت جلد بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو نے والا ہے ۔عالمی ادارے مظلوموں کی آہوں پر کان دھریں ورنہ آنے والی نسلیں انہیں معاف نہیں کریں گی۔پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم کشمیر کی آزادی کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ ریلی میں پاکستان پیپلز پارٹی۔پاکستان مسلم لیگ (ن)۔جمعیت علمائے اسلام سمیت تمام دینی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی ۔مقررین میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر مملکت سردار سلیم حیدر۔مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء آصف علی خان ایڈووکیٹ و دیگر قائدین شامل تھے۔ جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مفتی تاج الدین ربانی۔تحریک منہاج القرآن کے علامہ امیر اعوان ۔پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سردار اشعر حیات خان۔سردار ذوالفقار حیات خان سمیت دیگر قائدین بھی شامل تھے۔ریلی کا آغاز پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ہزارہ روڈ سے ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب تحصیل حسن ابدال پہنچی جہاں تمام جماعتوں کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شہ رگ کشمیر پر بھارت نے ظلم کے پہاڑ توڑ دیے ہیں اور وہاں عالمی معاہدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے مگر عالمی اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کسی بھول میں نہ رہے پاکستان کے عوام اپنے تمام تر اختلافات کو بھلا کر کشمیری بھائیوں کے حقوق کی جنگ لڑنے کر تیار ہیں۔ہمارا بچہ بچہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم ان کے حق آزادی کے لیے ان کا آخری سانس تک ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کو بزدلانہ اقدامات کے بجائے کھل کر بھارت اور عالمی دنیا پر واضع کر دینا چاہیے کہ کشمیر کے حوالے سے کوئی ایسی پالیسی برداشت نہیں کی جائے گی جس سے وہاں کے باسیوں کے حقوق متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بھی ہم نے چھین لیا تھا اور اگر بھارت کی ہٹ دھرمی قائم رہی تو مقبوضہ کشمیر بھی ہم اپنے زور بازور پر ان سے لے لیں گے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کیں اور کشمیر کے عوام کو بھی افواج پاکستان سے بہت سے توقعات وابستہ ہیں۔بعدازاں ریلی اڈا لاریاں روانہ ہو گئی جہاں اختتامی دعا کے بعد ریلی کے شرکاء پر امن طور پر واپس چلے گئے۔ریلی کے شرکاء نے بینر اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ اس موقع پر کشمیری بھائیوں کے حق اور بھارت کے خلاف نعرہ بازی بھی کی جاتی رہی۔
