سپورٹس کمپلیکس میں جدید سہولیات کی فراہمی کا وعدہ جلد پورا کیا جائیگا:اکبر تنولی

حسن ابدال :سپورٹس کمپلیکس میں جدید سہولیات کی فراہمی ہمارا وعدہ ہے جسے جلد پورا کیا جائے گا۔ حکومت کھیلوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔حسن ابدال سپورٹس کمپلیکس کا کام جلد مکمل کیا جائے گا جس کے لیے اعلیٰ حکام سے بات کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی اکبر خان تنولی نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اٹک عبدالوحید بابر ۔پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائی سکول حسن ابدال ڈاکٹر افتخار احمد۔سابقہ تحصیل صدر پی ٹی آئی عادل خان طاہر خیلی کے ہمراہ سپورٹس کمپلیکس کی عمارت کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حسن ابدال میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے مگر کھیلوں کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے نوجوانوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد سپورٹس کمپلیکس کا کام مکمل کیا جائے گا جبکہ کرکٹ گراونڈ کے حوالے سے بھی ابتدائی کام مکمل کیا جا چکا ہے اور متعلقہ محکموں سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔