مسئلہ کشمیر پر حکومت کی سفارتکاری ناکام رہی:رہنما جماعت اسلامی اقبال خان

حسن ابدال :مسئلہ کشمیر پر حکومت کی سفارتکاری ناکام ، اپنوں نے ملک کو بے وزن کر دیا ملک میں جب تک آئین کو بالا دستی حاصل نہیں ہو گی قیام پاکستان کے مقاصد پورے نہیں ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما اقبا ل خان سابق ایم پی اے ، ایم پی اے پروفیسر محمد اقبال اور قائم مقائم ضلعی امیر مولانا جابر علی نے مقامی ہوٹل میں جماعت کے 78ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران ہر طرف ایک نعرہ گونجتا رہا پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ ۔ انہوں نے کہا کہ آج 72سال گزر گئے یہ نعرہ ہمارے نظام کا حصہ نہیں بن سکا ۔ اگر دین کو غالب کرنا ہے تو دینی طاقتوں کو اقتدار میں لانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں برادری ازم ، ذاتی اور سیاسی تعلقات کو پس پشت ڈال کر ملک کے مفاد کیلئے سوچنا ہے جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت ہے ۔ جس نے کرپٹ سیاستدانوں کیلئے اپنے دروازے بند کر رکھے ہیں ۔ ہمارے دامن صاف ہیں ہمیں جب بھی خدمت کا موقع ملا ہم نے امانت ، دیانت ، اور شرافت کو معیار سیاست بنایا ۔ جماعت اسلامی نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا اور اس کیلئے ہم نے بے شمار قربانیاں دیں ہیں ۔ جب تک یہ مسئلہ سلامتی کو نسل کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا ۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جا ری رکھیں گے ۔ اس موقع پر تحصیل بھر سے جماعت اسلامی کے کارکنان اور عمائدین شہر موجود تھے ۔
