کشمیر آور: کراچی سے خیبر تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر کے عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو واضح پیغام بجھوانے کیلئے کشمیر آور منارہے ہیں۔ دوپہر 12 بجتے ہی وزیراعظم عمران خان اور کابینہ اراکین سمیت دیگر شخصیات وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے جمع ہوگئے جہاں سائرن بجائے گئے اور پہلے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے بعد کشمیر کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔ دوپہر 12 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک کو بھی روک دی گئی جب کہ ٹرینیں ایک منٹ کے لیے روکی گئیں۔ 'کشمیر آور کی مرکزی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور میں بطور سفیر کشمیر کا مسئلہ دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے پتھر کا جواب اینٹ سے دیں گے، پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم جنگ کے لیے تیار ہے۔  وزیراعظم عمران خان کی کال پر پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جمعے کو سڑکوں پر نکلے گی۔ اسلام آباد میں دن 12 بجے سے آدھے گھنٹے کے لیے ٹریفک سگنل سرخ کردیے گئے جس سے شہر بھر میں ٹریفک رک گیا۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی سے لیکر خیبر تک ریلیاں نکالی گئیں جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ چئیرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین کشمیر کمیٹی اور ارکان پارلیمنٹ اور افسران و ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا، سائرن بجایا گیا اور کشمیر کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی کراچی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔ راولپنڈی میں کمشنر آفس کے باہر کشمیر ڈے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لاہور میں وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جب کہ وزیر خواندگی راجہ راشد حفیظ، وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید اور فیاض الحسن چوہان کی زیر قیادت بھی مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور چیمبر کے زیر اہتمام بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کشمیری عوام سے یکجتی کے لیے پاکستان ریلوے لیبر یونین نے لوکو انجن شیڈ میں بھارتی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ لاہور کے ارفع کریم ٹاور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی شو کا انعقاد کیا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔  دوسری جانب حکومت نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی سال کے آغاز پر بلایا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی مؤخر کر دیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کررہے ہیں جبکہ احتجاج کیلئے سول سوسائٹی اور طلباء کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ ملک بھر کے تمام اضلاع میں احتجاج کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک سونپا گیا۔ وزیراعظم کی جانب سے کشمیریوں سے یکجہتی کی اپیل پر وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملک میں چلنے والی تمام 138 ٹرینیں ایک منٹ کیلئے روکنے کا اعلان کیا۔