جنڈ : کوہاٹ پنڈی روڈ خونی بن گئی، ایک سال میں 31حادثات

اسلام آباد (طاہر محمود اعوان) کوہاٹ پنڈی روڈ بسال چوک سے خوشحال گڑھ تک خونی حثییت اختیار کر گئی ، ایک سال میں 31 حادثات ۔20افراد جاں بحق سیکنڑوں زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پنڈی کوہاٹ روڈ ایک بین الصوبائی روڈ ہے اور خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کو پنجاب اور وفاقی دارالحکومت سے ملانے کا واحد ذریعہ ہے تاہم یہ سڑک کئی سالوں سے زبوں حالی کا شکار ہے ۔ عوامی دبائو پر کچھ عرصہ سڑک کی مرمت و تعمیر کا کام شروع کیا جاتا ہے لیکن پھر نامعلوم وجوہات کی بنا پر روک دیا جاتا ہے ۔ سڑک کی خستہ حالی کے سبب حادثات معمول بن چکے ہیں ۔ پٹرولینگ پولیس کے ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران صرف بسال چوک سے خوشحال گڑھ تک ٹریفک کے مختلف 31 حادثات ہوئے جن میں 20افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں زخمی اس کے علاؤہ ہیں ۔ حادثات میں اتنی بڑی تعداد میں اضافے کی ایک بڑی وجہ اس سڑک کا سنگل ہونا بھی ہے تاہم ذیادہ تر حادثات بسال سے جنڈ کے درمیان پیش آئے ہیں جہاں یہ سنگل سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔اہل علاقہ نے عوامی نمائندوں ،وزیر اعلی پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جنڈ سے پنڈی تک اس سڑک کو جلد از جلد دو رویہ کر کے قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جائے ۔