عمران خان کے خطاب نے عالم اسلام کوجگادیا،حاجی اشفاق 

حضرو:پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوٗں حاجی اشفاق خان، ظہور الٰہی آرائیں، حافظ راشد محمود،ملک رفاقت اعوان نمبردار،بابو پرویز، اسماعیل آرائیں،رکن تحریک انصاف حضرو نے ایک مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جنرل اسمبلی میں مسلم امہ کو درپیش مسائل،کشمیر ایشو کو اجاگر کر کے پوری دنیا کے مسلمانوں کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کی ہے،جنرل اسمبلی میں جس جارحانہ انداز میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا گیا ترقیاتی ممالک کے لیڈران کا ضمیر جگانے کیلئے کافی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کسی وزیر اعظم نے کشمیر کے بارے میں جنرل اسمبلی میں ایسا خطاب نہیں کیا، وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے عالم اسلام کو جگا دیا، مودی سرکار اور یہودی لابی پلاننگ کے تحت مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کر کے مسلمانوں کو شہید کر کے ہندوؤں کو آباد کرنا چاہتے ہیں، ان شاء اللہ مودی کے خواب پورے نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ فی الفور مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ختم کرنا چاہیے اور بھارتی فوج ظلم کرنے سے روکا جائے، مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کر کے نہرو گاندھی کے کشمیریوں کے ساتھ معاہدہ کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں اگر مقبوضہ کشمیر کرفیو ختم کرانے میں ناکام ہوئیں تو پھر کشمیری خود اپنا حق چھین کر لینگے۔