نااہل حکمرانوں کی وجہ سے مہنگائی ، بیروزگاری میں اضافہ ہوا، مولانا شیر زمان
وفاقی دارالخلافہ اسلام آباد میں لنگر خانہ کھولنا ناکام مالیتی پالیسیوں کا اعتراف ہے، تاجر، ڈاکٹر، کسان، مزدور ، صنعت کار اور عوام معاشی بد حالی کی وجہ سے پریشان ہیں
پنڈی گھیب (وحید احمد سے) جمیعت علمائے اسلام ف ضلع اٹک کے سرپرست اعلیٰ مولانا شیر زمان نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل حکمرانوں نے عملی طور پر مقبوضہ کشمیر کو ہندوستان اور ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے جبکہ مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسوں میں اضافہ سے غریب عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزارے پر مجبور ہو چکے ہیں نااہل وزیر اعظم کی طرف سے وفاقی دارالخلافہ اسلام آباد میں لنگر خانہ کھولنا ناکام مالیتی پالیسیوں کا اعتراف ہے۔
گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تاجر، ڈاکٹر، کسان، مزدور ، صنعت کار اور عوام معاشی بد حالی کی وجہ سے پریشان ہیں اور وہ اس بات پر متفق ہیں کہ جتنی جلدی ہو سکے ان نااہل حکمرانوں سے جان خلاصی کرائی جائے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں 27 اکتوبر سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع ہوجائے گی اور اسلام آباد کی فضاوٗں میں تاریخی دھرنا ہوگا انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کی طرح ضلع اٹک کی چھ تحصیلوں سے دھرنے میں شرکت کیلئے بڑی تعداد میں قافلے روانہ ہوں گے جبکہ اس سلسلہ میں مقامی سطح پر ہم خیال سیاسی و سماجی اور کاروباری افراد سے رابطے مکمل کر لیے گئے ہیں۔
