ضلع اٹک میں برسراقتدار پارٹی پی ٹی آئی کی چودہ ماہ کی کارکردگی صفر

ڈالرز، پٹرول، بجلی، گیس اور ٹیکس میں اضافہ سے مہنگائی میں ہوشرباء اضافہ ہوا،تحریک انصاف کے کارکنوں ، ووٹروں کیساتھ عوام بھی حکومتی پالیسیوں سے مایوس
پنڈی گھیب (وحید احمد سے) ضلع اٹک میں برسراقتدار پارٹی پی ٹی آئی کی چودہ ماہ کی صفر کارکردگی سے عوام میں مایوسی پھیلنے لگی، محروم طبقات نے ایم این اے میجر (ر) طاہر صادق سے توقعات وابستہ کر لیں وزیر اعظم سے میجر ر طاہر صادق کو وزارت دے کر ضلع اٹک کا کپتان بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 2018 ء کے عام انتخابات میں میجر (ر) طاہر صادق کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف نے ضلع اٹک میں بہت بڑی کامیابی حاصل کی جبکہ حلقہ این اے 55 سے سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کو شکست سے دوچار کرنا غیر معمولی واقعہ تھا مگر وزیر اعظم عمران خان نے منتخب عوامی نمائندے کو نظر انداز کر کے اور عوامی مینڈیٹ کی توہین کی ۔پی ٹی آئی رہنمائوں کی صفر کارکردگی کی وجہ سے عوام کے ساتھ ساتھ برسر اقتدار پارٹی کے کارکن بھی مایوسی کا شکار نظر آتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ کب تک ہم غریب عوام کو جھوٹی تسلیاں دے سکتے ہیں ڈالرز، پٹرول، بجلی، گیس اور ٹیکس میں اضافہ سے مہنگائی ہزار گنا بڑھ چکی ہے جس سے عوام الناس کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔۔
حلقہ این اے 55 اور56 میں ترقیاتی کاموں کے ساتھ تعلیم یافتہ نوجوانوں پر روزگار کے دروازے بھی بند کر دیے گئے ہیں جبکہ عام انتخابات کے موقع پر پی ٹی آئی ضلع اٹک کے کپتان میجر ر طاہر صادق نے روزگار کی فراہمی کا منشور دیا تھا جسے ضلع بھر میں بہت مقبولیت حاصل ہونے کے باعث پی ٹی آئی کے اکثر امیدوار جیت گئے لیکن چند طالع آزما اپنی مکاریوں کے باعث حکومت کے بڑے عہدوں پر براجمان ہوگئے جن کی مفاد پرستی کی سیاست کی بدولت ضلع اٹک کے عوام دو وقت کی روٹی سے محروم ہو رہے ہیں عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انہیں میجر ر طاہر صادق پر بھر پور اعتماد ہے وہی غربت کی کشتی کا پار لگا سکتے ہیں ہم نے میجر ر طاہر صادق کی سابقہ عوامی خدمت کی کارکردگی دیکھ کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا اگر وزیر اعظم عمران خان نے جمہور کی آواز پر کان نہ دھرے اور آمرانہ رویوں پر نظر ثانی نہ کی تو مستقبل میں پی ٹی آئی ضلع اٹک کی سیاہ تاریخ کا حصہ بن جائے گی۔
