سینئر نائب صدر  کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دونگا:شیخ آفتاب احمد 

پارٹی قائد محمد نواز شریف ، مرکزی صدر محمد شہباز شریف اور صوبائی صدر رانا ثناء اللہ کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا

اٹک:  مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ میرا جینا مرنا مسلم لیگ ( ن ) کے ساتھ ہے ہم کل بھی اپنے قائدین محمد نواز شریف ، محمد شہباز شریف کے ساتھ کھڑے تھے اور آج بھی ان کے شانہ بشانہ جدوجہد میں شریک ہیں پارٹی قائد محمد نواز شریف ، مرکزی صدر محمد شہباز شریف اور صوبائی صدر رانا ثناء اللہ کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب میں سینئر نائب صدر کی اہم ذمہ داری سونپی ہم نے ماضی میں بھی پارٹی کیلئے بے لوث خدمات سرانجام دی ہیں اور آئندہ بھی قائدین کے شانہ بشانہ ملک و قوم کی خدمت میں اپنا مخلصانہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک سیکرٹریٹ مسلم لیگ ( ن ) اٹک میں مسلم لیگ کے عہدیداران اور کارکنان کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ہے اس موقع پر سٹی صدر شیخ محمود الہٰی ، تحصیل صدر اٹک شاہنواز شانی ، جنرل سیکرٹری ملک ذیشان اشفاق اور ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں محمد راشد مشتاق بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے ہی اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ، اس ملک کے اندھیروں کو ختم کر کے روشنیوں کو بحال کیا ، موٹرویز کے جال بچھائے اور ہر شعبہَ زندگی میں عوام الناس کیلئے آسانیاں پیدا کیں لیکن افسوس کہ موجودہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے۔

 آج ہر شہری پریشان حال ہے عوام کی قوت برداشت ختم ہو چکی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت کو آج شدت سے یاد کرتے ہیں جب ان کی آمدن اخراجات سے زیادہ تھی ہر چیز بآسانی خرید سکتے تھے اسی لئے عوام محمد نواز شریف کو ہی اس ملک ترقی کا ضامن سمجھتے ہیں مجھے فخر ہے کہ میں اس کارواں کا حصہ ہوں جس کا میر کارواں کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتا اور انہیں نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی پاکستان کے پرچم کو دنیا میں سر بلند رکھا اللہ تعالیٰ نے ہ میں پھر عوام کی خدمت کا موقع دیا تو قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کے دور کا آغاز وہیں سے کریں گے جہاں سے تسلسل ٹوٹا تھا ۔