قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی،پوری قوم پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے: میجر طاہر صادق

 ہم ان شہداء کو سلام عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں نچھاور کر رہے ہیں

اٹک: رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں پر جانوں کے نذرانے پیش کر کے وطن کی آبیاری میں مصروف عمل ہے یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

 پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم ان شہداء کو سلام عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں نچھاور کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اٹک کے ایک اور سپوت حوالدار ضیا بھٹی کی شہادت پر اپنی رہائش گاہ اٹک میں میڈیا سے گفتگو میں کیا ہے بعد ازاں وہ شہید کے جنازے میں بھی شریک ہوئے میجر طاہر صادق نے کہا کہ ہماری بہادر فوج ملک کی حفاظت اور دشمن کی سازشوں کو نا کام بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اس فوج کے ہوتے ہوئے کوئی بھی ہمارے ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا وطن کی حفاظت کے لئے ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے جوانوں کی وطن کے لئے قربانیاں ان شاءاللہ ضرور رنگ لائیں گی ہم پاک فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے شہدا کی عظمت کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم پاک فوج کی پشت پر موجود ہے اور ملکی تحفظ و حفاظت کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے مقابلے پر کھڑی ہے انہوں نے شہید حوالدار ضیا بھٹی کی شہادت پر نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر شہید کے لواحقین سے ملاقات میں شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین کے لئے صبر کی دعا بھی کی ۔