پنجاب بھر میں پارٹی کو منظم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا،شیح آفتاب احمد

حکمران باتیں تو ریاست مدینہ کی کرتے ہیں لیکن ان کے عملی اقدامات ان کے قول سے مطابقت نہیں رکھتے
اٹک(صدیق فخر سے) سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکمران باتیں تو ریاست مدینہ کی کرتے ہیں لیکن ان کے عملی اقدامات ان کے قول سے مطابقت نہیں رکھتے۔حکومت ٹیکس تو وصول کرنا چاہتی ہے لیکن ٹیکس دینے والوں پر اتنا بوجھ ڈال دیا گیا ہے کہ ان کے کاروبار ختم ہو چکے ہیں۔
آمدن سے کئی گنا زائد اخراجات کی وجہ سے لوگوں میں قوت خرید نہیں رہی۔ملک بھر میں تعمیراتی کام مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے امپورٹ میں کئی فیصد کمی آ چکی ہے۔مزدور کام کی تلاش میں صبح سویرے چوکوں چوراہوں میں آ کر بیٹھ جاتے اور کام نہ ہونے کی وجہ سے شام کو خالی ہاتھ گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔ایسے حالات میں کاروبار کہاں سے ہو گا جب لوگوں کے پاس دو وقت کے کھانے کے لئے بھی پیسے نہیں ہیں۔
بجلی سوئی گیس کے بلوں میں اضافہ آئے روز عوام کی مشکلات میں اضافے کا سبب ہے اور پھر ایسے حالات میں بھی وزیراعظم ملکی معیشت پر مطمئن ہیں بلکہ معیشت کو بہتر سمجھتے ہیں پتہ نہیں وہ کس آلے سے معیشت کو ماپ رہے ہیں اگر وہی آلہ عوام کو بھی دے دیا جائے تو شاید ان کے گھروں میں فاقے ختم ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے قائدین کا خصوصی طور پر مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اور پارٹی میں بہت اہم ذمہ داری کے لئے مجھے موزوں سمجھتے ہوئے سینئر نائب صدر کے عہدے پر مقرر کیا۔بہت جلد میں پارٹی کے دیگر صوبائی عہدیداروں کے ہمراہ پورے پنجاب کا دورہ کروں گا اور پنجاب بھر میں پارٹی کو منظم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا۔
