حکومت کی وجہ سے ملک معاشی ترقی کی پٹری سے اتر چکا ہے،چوہدری شیر علی

معاشی ابتری کے برے اثرات سے معاشرے میں انارکی پھیل رہی ہے، عام آدمی بری طرح متاثر اور تمام طبقات سراپا احتجاج ہیں:سابق صوبائی وزیر
پنڈی گھیب (وحید احمد سے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنماء سابق صوبائی وزیر چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی، عوامی تحریک اور تحریک لبیک کے دھرنوں اور انتہائی کمزور حکومت کی وجہ سے ملک معاشی ترقی کی پٹری سے اتر چکا ہے۔
مسلم لیگ کی حکومت نے 5.8 فیصد گروتھ ریٹ چھوڑ ا تھا جبکہ اب ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق 2020 ء میں گروتھ ریٹ 2.4 اور 2024ء تک 4.5 یا پانچ فیصد تک بڑھنے کے امکانات ہیں معاشی ابتری کے برے اثرات سے معاشرے میں انارکی پھیل رہی ہے جس سے ایک عام آدمی بھی بری طرح متاثر ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ ایک برس کے اندر تمام طبقات سراپا احتجاج ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافی سید فرحت عباس نقوی سے ان کی چچی مرحومہ کی دعائے مغفرت کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سردار وقار حسین، سردار نجابت حسین اور شیخ شعیب بھی ان کے ہمراہ تھے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کمزور بیساکھیوں کے سہارے پر کھڑی ہے جو لوگ اسٹیبلشمنٹ کے اشارے پر شامل ہو سکتے ہیں وہ ان کے اشارے پر چھوڑ بھی سکتے ہیں اگر آج اسٹیبلشمنٹ وزیر اعلیٰ پنجاب سے ہاتھ اٹھا لے تو وہ 24 گھنٹے بھی برقرار نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور ان کے خاندان پر ذاتی کاروبار کے بارے میں کیسز چل رہے ہیں لیکن موجودہ حکومت ان پر سرکاری خزانے میں خورد برد اور کرپشن کا ایک کیس بھی قائم نہیں کر سکی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے تحصیل بھر میں رابطہ سڑکیں بنوا دی ہیں موجودہ صوبائی وزیر مال تنقید برائے تنقید چھوڑ کر کھوڑ فتح جنگ روڈ بنوا دیں جبکہ وزیر محکمہ مال کی اپنی تحصیل میں تحصیلدار کی عدم تعیناتی ان کی کارکر دگی پر ایک سوالیہ نشان ہے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ اور بلدیاتی انتخابات محض نعروں کی حد تک ہی محدود ہیں الیکشن کمیشن کے نمائندہ نے عدالت میں فنڈز اور ممبرز پورے نہ ہونے کا بیان دے کر بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے اعلان کو جھوٹا ثابت کر دیا ہے امید ہے کہ سابقہ بلدیاتی ادارے ہی بحال کر دیے جائیں گے۔
