اٹک ، آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرینگے، مفتی تاج الدین ربانی

موجودہ حکومت کی نا اہلی اور اسکی مسلط کردہ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں
اٹک: اٹک کی عوام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اس نا اہل حکومت کے خلاف آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی موجودہ حکومت کی نا اہلی اور اسکی مسلط کردہ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔
اب انکے خلاف نکلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہرطبقے کے لوگ 72 سالوں میں پہلی دفعہ اس مسلط کردہ وزیر اعظم اور بقول اسکے نا اہل وزراء کی ٹیم سے جلدی چھٹکارہ چاہتے ہیں اور یہ سارے طبقے مولانا فضل الرحمن اور انکے ساتھ 9جماعتی اتحاد کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار امیر جمعیت علماء اسلام ضلع اٹک مفتی تاج الدین ربانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اب بات 15 لاکھ سے 15 کروڑ تک گئی ہے27 اکتوبر کو سندھ اوربلوچستان سے چلنے والاقافلہ 31 اکتوبرکو اسلام آباد میں انسانوں کاسمندر بن کے داخل ہوگا ۔
ضلع اٹک کے قافلے اپنے ہزارہ روڈ چھچھ موٹر وے جی ٹی روڈ کوہاٹ روڈ اور تلہ گنگ روڈ سے آنے والے قافلوں کے استقبال کرکے ان کے ساتھ آزادی مارچ شروع کریں گے۔
مفتی تاج الدین نے بتایا کہ 126 دن اسلام آباد میں دھرنا دینے والی تحریک انصاف کے ذمہ داران کس منہ سے اس پر امن آزادی مارچ کے خلاف دھمکیاں دیتے ہیں ان کے سچے وزیر اعظم نے خود اسمبلی فلور پر اپوزیشن کو بلکہ نام لے لے کر دھرنے کی دعوت دی ہے اور کنٹینر اور کھانے کی آفر کی ہے اللہ کرے کہ وہ کم از کم اس وعدے کو وفا کر سکیں اور اپنے قول میں سچے ثابت ہوں ۔
انہوں نے کہا حکمرانوں کی بڑھکوں نے اپوزیشن کو متحد اور متحرک کیا ہے شاید اسی طرح یہ خود ہی حکومت کے گھر جانے کا انتظام بھی کردیں کیوں کہ حکومت کرنا اور چلانا انکے بس میں نہیں ہم ملک کی سلامتی اور بقا کے لئے نکلیں گے اور ہمارے ساتھ عوامی طاقت ہوگی پاکستانی عوام کی جان مال اور املاک کاتحفظ اور مارچ کو پر امن رکھنے میں ہمارے انصار کے رضا کاروں کی جدوجہد 15 ملین مارچ کی طرح مثالی ہوگی ۔
