راولپنڈی کوہاٹ روڈ پر پنڈ سلطانی کے قریب ناقص میٹریل سے مرمت جاری

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے بھی مرکزی رہنمائوں کے ڈبل اور کارپٹ روڈ کے اعلانات بھی عوام کو سبز باغ دکھانے تک محدود نکلے
جنڈ(نمائندہ اٹک نیوز)راولپنڈی کوہاٹ روڈ پر پنڈ سلطانی کے قریب ناقص میٹریل سے مرمت جاری، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے بھی مرکزی رہنمائوں کے ڈبل اور کارپٹ روڈ کے اعلانات بھی عوام کو سبز باغ دکھانے تک محدود نکلے۔
حکومتی ممبران و اعلیٰ حکام خاموش،قومی خزانے کو پھکی، روڈ کی حالت پنجابی کہاوت ’’اگوں دوڑ پیچھوں چوڑ‘‘ جیسی نکلی، تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کوہاٹ روڈ کو ڈبل اور کارپٹ کرنے کی بجائے مرمت کی جا رہی ہے جس میں ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے ، پنڈسلطانی کے قریب سڑک کی مرمت میں انتہائی ناقص مرمت کی جا رہی ہے ۔
اس روڈ کو ڈبل کرنے کے بارے میں وفاقی وزراء کے اعلانات صرف عوام کو سبز باغ دکھانے تک محدود نکلے، قبل ازیں بھی روڈ کی مرمت کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا تھا اب دوبارہ ناقص مٹیریل سے سٹرک کی چپڑا چپڑی جاری ہے جبکہ حکومتی ممبران اور متعلقہ حکام خاموش نظر آتے ہیں۔
اہلیان علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک واٹک سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراءو حکومتی ممبران اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص مرمت کا نوٹس لیا جائے اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں۔
