اٹک ، انجمن تاجران کے زیر اہتمام استحکام پاکستان و کشمیر یکجہتی ریلی کا انعقاد

مقبوضہ کشمیر میں شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا ،قربانیاں بھی رائیگاں نہیں جائیں گی ،مقررین 

اٹک :مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر بھاری ظلم و ستم کو 3 ماہ کے قریب ہو گئے اور ان کی نگاہیں امت مسلمٰہ اور خاص طور پر پاکستان کی جانب مرکوز ہیں پاک فوج قوم کی امنگوں کی صحیح معنوں میں آئینہ دار ہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی افواج کے جس طرح دانت کھٹے کیے ہیں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

 تاہم پاکستان میں مسئلہ کشمیر کی بجائے اقتدار کی ہوس میں میں مبتلا سیاسی قوتیں بھارتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ملک بھر میں احتجاج اور دھرنا کی فضاء قائم کر کے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب ، انارکی اور خانہ جنگی کی طرف گامزن ہے جس کے عزائم عوام کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو پاکستان کی 73 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اجاگر کر کے بھارت کی نام نہاد سیکولرازم کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران اٹک کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد حنفیہ رجسٹرڈ سول بازار اٹک سے فوارہ چوک تک نکالی گئی استحکام پاکستان و کشمیر یکجہتی ریلی سے برصغیر پاک و ہند کے معروف روحانی مرکز چورہ شریف کے سجادہ نشین پیر سعادت علی شاہ ، صدر مرکزی انجمن تاجران اٹک راشد الرحمان خان ، لیبر لیڈر ملک امداد اعوان ، تاجر رہنما فاروق کندی اور سماجی شخصیت شہزاد احمد چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ ریلی کی قیادت کرنے والوں میں ڈسٹرکٹ خطیب علامہ غلام محمد صدیقی ، چیئرمین اٹک پریس کلب جسٹرڈ ندیم رضا خان ، تاجر رہنما محمد شکیل کے علاوہ سیرت کمیٹی رجسٹرڈ اٹک ، دیگر سیاسی ، سماجی ، تنظیموں کے عہدیداران ، کارکنان اور شہری کثیر تعداد میں شامل تھے ۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جو ہمیشہ سے سرد خانے میں ڈال دیا جاتا تھا تاہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور بھارت کا اصل اور بھیانک چہرہ اقوام عالم کے سامنے پیش کیا اس نے مسئلہ کشمیر کو اپنے منتقی انجام تک پہنچانے کی راہ ہموار کی ہے مولانا فضل الرحمن اور دیگر سیاسی جماعتیں مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کی بجائے جس طرح اقتدار کی ہوس میں اندھے ہو کر اسلام آباد اور ملک کے دیگر علاقوں میں احتجاج اور دھرنے کے نام پر جو کچھ کریں گے اس سے مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا اور یہ بھارت کے ایجنڈے کا حصہ نظر آتا ہے اور یہ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی گھناءونی سازش نظر آ رہی ہے پاکستان کی سلامتی ، استحکام اور بقاء کے خلاف جو بھی اقدام اٹھایا جائے گا اس کی ہر سطح پر مخالفت کی جائے گی مقبوضہ کشمیر میں شہداَ کا خون ضرور رنگ لائے گا اور ہماری مسلمان کشمیری ماءوں ، بہنوں اور بیٹیوں کی قربانیاں بھی رائیگاں نہیں جائیں گی مقررین نے حکومت ، ضلعی انتظامیہ اٹک اور پولیس کو یقین دلایا کہ شر پسند عناصر کے خلاف ان کے شانہ بشانہ ہر مثبت اقدام کی بھرپور عوامی حمایت کی جائے گی ۔