آزادی مارچ، اٹک پولیس ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار 

جنڈ، ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری یو سی مکھڈ کے علاہ کانی کے مقام پر کالا باغ اور اٹک کو ملانے والے پل پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں

قافلوں کو روکنے کے لیے بین الصوبائی شاہراہوں پر کنٹینرز پہنچا دیئے گئے،سامان سے بھرے کنٹینرز بھی روک لیے گئے

اٹک ،مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کو روکنے کے لیے اٹک پولیس کی جانب سے بھرپور تیاریاں مکمل ، دوسری جانب قافلوں کو روکنے کیلئے پنڈی گھیب کے مقام ڈھلیاں چوک پر قیمتی سامان سے بھرے کنٹینرز روک لیے گئے ، ڈرائیور حضرات پریشان اور حکومت کے خلاف سراپہ احتجاج ، تفصیلات کے مطابق مولانافضل الرحمن کے آزادی مارچ کو روکنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔

 آئی جی پنجاب کے حکم پر اٹک پولیس نے کے پی کے سے براستہ اٹک آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی جبکہ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان ، میانوالی اور دوسرے بڑے شہروں سے آنے والے قافلوں کو روکنے کیلئے بین الصوبائی روڈ ڈھلیاں چوک کو بند کرنے کیلئے اس مقام سے گزرنے والے کنٹینرز کو روک لیا گیا ہے۔

 اس اقدام پر کنٹینرز مالکان حکومت کے خلاف سراپہ احتجاج نظر آتے ہیں ڈرائیور حضرات کا کہنا ہے کہ ہماری گاڑیوں میں لاکھوں روپے کا قیمتی سامان لوڈ ہے جو اگر بروقت اپنے مقام پر نہ پہنچایا گیا تو خراب ہو جائے گا جس کی ذمہ داری حکومت کی ہو گی اب دیکھنا یہ ہے کہ بوکھلاہٹ کا شکار تبدیلی سرکار مولانا کے آزادی مارچ کو کس حد تک روک پاتی ہے اور آزادی مارچ کے ملک پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔